اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز) اے ٹی سی اسلام آباد نے عمران خان ودیگر کیخلاف درج دو مقدمات کی سماعت 8 جولائی تک ملتوی کردی جبکہ وزیراعلی علی امین اور عامر مغل کی حاضری استثنیٰ کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔ تفصیلات کے مطابق اے ٹی سی اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرا نے بانی پی ٹی آئی ودیگر کیخلاف تھانہ سنگجانی اور آئی 9 میں درد مقدمات کی سماعت کی۔دورانِ سماعت علی نواز اعوان، واثق قیوم، عامر کیانی اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔وزیر اعلی کے پی علی امین گنڈا پور اور عامر مغل کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی۔
جج طاہر عباس سپرا نے کہا کہ کسی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست قبول نہیں ہو گی، یہ کوئی وجہ نہیں کہ میں شہر سے باہر ہوں تو پیش نہیں ہو سکتا۔انہوں نے وکلاء سے سوال کیا کہ حاضری پوری نہ ہونا ملزمان پر ہے یا کورٹ پر ہے؟،پی ٹی آئی کے وکلاء نے جواب دیا کہ حاضری پوری کرنا ملزمان پر ہے۔جج طاہر عباس سپرا نے کہا کہ تمام غیر حاضر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوں گے۔عدالت نے تمام غیر حاضر ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر رہے ہیں، آئندہ پیشی پر حاضری کی مکمل یقین دہانی کرائی جائے گی تو پھر وارنٹ کا معاملہ دیکھیں گے۔پی ٹی آئی وکلاء نے استدعا کی کہ ایک موقع دیا جائے۔
اگلی پیشی پر تمام ملزمان پیش ہوں گے۔جج طاہر عباس سپرا نے کہا کہ جو ملزم 8تاریخ کو نہیں آئیں گے ان کو اشتہاری قرار دوں گا، عدالتی مفرور کو اشتہاری قرار دینے کیلئے 30دن ضروری نہیں ہیں، میں نے ان کیسز کو انجام تک پہنچانا ہے، آپ کا ہی اس میں فائدہ ہو گا، اگر کیسز میں جان ہوئی تو چلیں گے ورنہ فارغ ہوں گے۔اس کے ساتھ ہی عدالت نے دونوں مقدمات کی سماعت 8جولائی تک ملتوی کر دی۔
47