اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)پی ٹی آئی چیئرمین کی سزا معطلی اور ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو معطل کرنے کی درخواست پر سماعت آج ہوگی۔تفصیلات کے مطابق توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی اپیل پر سماعت آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہوگی، ڈویژن بنچ 12 بجے سماعت کرے گا۔چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری بنچ کا حصہ ہوں گے۔
عمران خان نے توشہ خانہ کیس میں فیصلے کے خلاف اپیل دائر کردی
چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ اپیل کے حتمی فیصلے تک سزا معطل کی جائے اور ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔دوسری جانب پی ٹی آئی چیئرمین کی اٹک جیل سے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست پر سماعت بھی آج ہوگی۔
گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے اعتراض ختم کرتے ہوئے درخواست کو نمبر دینے کا حکم دیا اور عدالت نے وکلاء کو چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت دینے کا عندیہ بھی دیا۔
منگل کو چیف جسٹس عامر فاروق نے چیئرمین پی ٹی آئی کو اٹک جیل سے اڈیالہ جیل منتقل کرنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست کی سماعت کی۔
درخواست میں چیئرمین پی ٹی آئی کی اٹک جیل میں نظربندی کو غیر قانونی قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ میں بتاؤں گا کہ قانون کیا ہوگا اور حکم دوں گا، ایک بات ذہن میں رکھیں کہ جیل کی فہرستوں میں جو سہولتیں میسر ہوں ان کا ہی حکم دیا جائے گا۔