اردو ورلڈ کینیڈا (ویب نیوز) آئی ایم ایف نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کو امداد فراہم کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی آئی ایم ایف کے پاکستان مشن چیف نیتھن پورٹر سے ورچوئل ملاقات ہوئی۔
اس حوالے سے وزارت خزانہ نے بتایا کہ اجلاس میں میکرو اکنامک فریم ورک اور رواں سال کے اہداف پر تبادلہ خیال کیا گیا، آئی ایم ایف نے سیلاب زدگان کی مدد پر اتفاق کیا، آئی ایم ایف کے نویں جائزے کے لیے ٹیکنیکل سطح پر مذاکرات جلد ہوں گے۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف پروگرام کو کامیابی سے مکمل کرنے کی خواہاں ہے۔
آئی ایم ایف نے غریبوں اور پسماندہ بالخصوص سیلاب زدگان کے لیے ہدفی مالی امداد پر ہمدردانہ غور کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ سیلاب سے متعلقہ انسانی امدادی اخراجات اور ترجیحی بحالی کے اخراجات کے تخمینے کو رواں سال کے دوران مضبوطی سے بند کیا جائے گا۔