اردورلڈ کینیڈا(ویب نیوز)انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کا چار رکنی تکنیکی وفد کلائمٹ فنانسنگ پر بات چیت کے لیے پیر کو اسلام آباد پہنچ گیا۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کے وفد اور وفاقی اور صوبائی حکام کے درمیان آج سے 28 فروری تک "گرین بجٹ، موسمیاتی اخراجات کی ٹیگنگ، ٹریکنگ اور رپورٹنگ” پر مذاکرات ہونے والے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں کاربن لیوی لگانے کی تجویز زیر غور ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مذاکرات کے دوران ایک ابتدائی مسودے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور آئی ایم ایف لیوی کے بارے میں تجاویز دے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ الیکٹرک گاڑیوں اور سبسڈی پر بھی بات ہوگی اور آئی ایم ایف کا وفد آئندہ بجٹ میں گرین بجٹ کو بڑھانے کے لیے تجاویز بھی دے گا۔
ذرائع نے عندیہ دیا کہ آج کی بات چیت میں صرف اور صرف موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے اقدامات پر توجہ مرکوز کی جائے گی جس میں موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے وفاقی اور صوبائی اقدامات پر بریفنگ دی جائے گی۔