اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات کا شیڈول طے پا گیا، آئی ایم ایف مشن 31 جنوری سے 9 فروری تک پاکستان کا دورہ کرے گا۔
آئی ایم ایف مشن نویں اقتصادی جائزے پر بات کرے گا،
نویں اقتصادی جائزے میں پاکستان کو دیئے گئے اہداف کا جائزہ لیا جائے گا، وزارت خزانہ کی جانب سے آئی ایم ایف مشن کو پاکستان کے دورے کی درخواست کی گئی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے وفد کے درمیان مذاکرات دس روز تک جاری رہیں گے، مذاکرات کامیاب ہونے کی صورت میں ایک ارب ڈالر کی قسط موصول ہوگی۔
آئی ایم ایف کا وفد توانائی کے شعبے میں قرضوں کی گردش کرنے والی صورتحال، معاشی پالیسیوں کے استحکام کے روڈ میپ، مالیاتی پوزیشن کو مستحکم کرنے کے اقدامات اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی اور موجودہ معاشی صورتحال پر قابو پانے کے لیے پالیسی اقدامات کا جائزہ لے گا۔