اردو ورلڈ کینیڈا( ویب نیوز ) بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ایک بار پھر ایشیا کپ ٹرافی کی باضابطہ حوالگی کا مطالبہ کر دیا ہے
اور انتباہ دیا ہے کہ اگر ٹرافی جلد نہ ملی تو معاملہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے اجلاس میں اٹھایا جائے گا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیوا جیت سائیکیا کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ ٹورنامنٹ ختم ہوئے ایک ماہ سے زیادہ ہوچکا ہے مگر بھارتی ٹیم کو اب تک ٹرافی نہیں دی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پیر تک ٹرافی بھارت کے حوالے نہ کی گئی تو 4 نومبر کے آئی سی سی اجلاس میں اس مسئلے کو زیر بحث لایا جائے گا۔واضح رہے کہ دبئی میں ہونے والے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو شکست دی تھی، تاہم ٹرافی کی تقسیم کے وقت بھارتی ٹیم نے اے سی سی کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے انکار کیا تھا، جس کے باعث ٹرافی اسٹیج سے ہٹا دی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق محسن نقوی نے بھارت کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بھارتی ٹیم کو ٹرافی چاہیے تو دبئی میں آکر وصول کرلے، یہاں تک کہ 10 نومبر کو ٹرافی دینے کے لیے خصوصی تقریب کی پیشکش بھی کی گئی ہے۔ اے سی سی نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ فائنل کے وقت ٹرافی دینے کے لیے صدر محسن نقوی اسٹیج پر موجود تھے، لینے سے انکار بھارتی ٹیم کی اپنی حرکت تھی۔