اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے دعویٰ کیا کہ انٹیلی جنس ایجنسیوں نے ایک ٹیلی فون کال پکڑی جس میں پی ٹی آئی کارکن کے گھر پر چھاپہ مارنے اور زیادتی کا منظر پیش کرنے کے منصوبے پر بات کی گئی۔ .
فیصل آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ملکی ایجنسیوں نے ایک گفتگو پکڑی ہے، گفتگو کا تعلق پی ٹی آئی رہنما کے گھر پر چھاپے سے ہے اور دوسرا ڈرامہ ریپ ایکٹ کرنے کا تھا۔ اس کا الزام قانون نافذ کرنے والے اداروں پر ڈالا جائے اور ریپ ایکٹ کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھایا جائے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ 9 مئی کو قوم اور ملک کے ساتھ ناانصافی کی گئی، انہوں نے شہدا کے لواحقین کو دکھ پہنچایا، اداروں کو تقسیم کرنے کی ناپاک کوشش کی، جب یہ گروہ ناکام ہوا تو کوشش کی کہ اس معاملے کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا رنگ دیا جائے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ خفیہ اداروں نے بروقت یہ ڈرامہ پکڑا، خدشہ تھا کہ رات کہیں ڈرامہ کرنے والے ہیں۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ گمراہ گروہ اور اس کے سرغنہ اپنے انجام کو پہنچ چکے ہیں، لوگوں کو گمراہ کرنے والوں، گھروں کو جلانے والوں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی، کسی کو بخشا نہیں جائے گا۔