امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی حملوں میں زخمیوں یا ہلاکتوں کے حوالے سے تفصیلات سامنے نہیں آسکیں تاہم حزب اللہ کی جانب سے اسرائیل کے سرحدی علاقے میں داغے گئے میزائل سے 7 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے۔ لبنانی مزاحمتی گروپ حزب اللہ نے کہا ہے کہ اتوار کو لبنان کی سرحد کے قریب نگرانی کے آلات نصب کرنے والی اسرائیلی ٹیم پر حملہ کیا گیا، جب کہ اسرائیل نے دعویٰ کیا کہ یہ حملہ ایک ٹرانسمیشن لائن کی مرمت کرنے والے سویلین ورکرز پر تھا۔
ادھر لبنان میں حماس کے القسام بریگیڈز ونگ نے بھی اسرائیل پر حملہ کیا۔ اسرائیلی حکام کے مطابق اتوار کو اسرائیلی سرحد پر لبنانی علاقوں سے 15 راکٹ فائر کیے گئے۔حماس کے القسام بریگیڈز نے راکٹ داغنے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی شہروں نہاریہ، شلومی اور حیفہ پر حملے غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے جواب میں کیے گئے۔واضح رہے کہ 7 اکتوبر کو فلسطین پر اسرائیلی حملوں کے آغاز کے بعد لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کی جانب سے اسرائیلی سرحد پر حملوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔دوسری جانب غزہ پر اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 11 ہزار 100 سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ شہید ہونے والوں میں 4 ہزار 500 سے زائد بچے بھی شامل ہیں۔