اردو ورلڈ کینیڈا( ویب نیوز ) اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ فلسطینیوں کے خلاف طاقت کے استعمال اور بڑھتے ہوئے تشدد سے اس کے مسائل کم نہیں ہوں گے۔
اسرائیلی فوج نے جنین پناہ گزین کیمپ میں سرچ آپریشن کے دوران 12 فلسطینی نوجوانوں کی شہادت اور 150 کے قریب زخمی ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ طاقت کے غیر ضروری استعمال سے باز رہے۔
نیویارک میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ اسرائیلی فورسز کی جانب سے طاقت کے بے تحاشا استعمال سے خونریزی اور تشدد کے نئے دور کا آغاز ہو سکتا ہے۔ انتونیو گوٹیرس نے مزید کہا کہ اسرائیل کے سیکورٹی خدشات درست ہیں لیکن تشدد میں اضافہ مسئلہ کا حل نہیں ہے۔
مذاکرات کے ذریعے سیاسی حل پر زور دیتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ ایک بامعنی سیاسی عمل ہی فلسطینی عوام کی امیدیں بحال کر سکتا ہے۔ اسرائیل فلسطین تنازع کا دو ریاستی حل ضروری ہے جس سے قبضے کا تصور ختم ہو جائے گا۔انتونیو گوٹیرس نے جنین پناہ گزین کیمپ میں اسرائیل کے فضائی حملوں اور زمینی کارروائیوں کو بدترین تشدد قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس آپریشن سے شہری بری طرح متاثر ہوئے، 100 سے زائد زخمی ہوئے اور ہزاروں افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔