اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) کینیڈا کی مقبوضہ مغربی کنارے سے متعلق اسرائیل کے حالیہ فیصلے کی شدید الفاظ میں مذمت کی
اقدام بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ کینیڈین وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں اسرائیل پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر یہ فیصلہ واپس لے اور متنازع علاقوں میں آبادکاریوں کی توسیع بند کرے۔وزارت خارجہ کے مطابق اس نوعیت کے اقدامات خطے میں امن کی کوششوں کو نقصان پہنچاتے ہیں اور ایک قابلِ عمل فلسطینی ریاست کے قیام کے امکانات کو مزید کمزور بناتے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ یکطرفہ فیصلے نہ صرف کشیدگی میں اضافہ کرتے ہیں بلکہ دو ریاستی حل کی راہ میں بھی رکاوٹ بنتے ہیں۔
کینیڈا سے قبل امریکا اور برطانیہ بھی اسرائیلی فیصلے پر تحفظات اور مخالفت کا اظہار کر چکے ہیں، جس کے بعد مغربی ممالک کی جانب سے بڑھتی ہوئی تشویش سامنے آ رہی ہے۔دوسری جانب پاکستان سمیت آٹھ مسلم ممالک نے بھی مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی اقدامات کی بھرپور مذمت کی ہے۔ بیان میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اسرائیل کو ایسے “خطرناک اقدامات” سے روکنے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔
مسلم ممالک نے اپنے مؤقف میں کہا کہ اسرائیل کو مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر کسی قسم کا حقِ خودمختاری حاصل نہیں، اور موجودہ اقدامات مغربی کنارے کے غیر قانونی الحاق اور فلسطینی عوام کی ممکنہ بے دخلی کی کوششوں کو تیز کر رہے ہیں۔تجزیہ کاروں کے مطابق مغربی کنارے کی صورتحال ایک بار پھر عالمی توجہ کا مرکز بن رہی ہے، اور اگر متنازع پالیسیوں کا سلسلہ جاری رہا تو مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی مزید بڑھ سکتی ہے، جس سے خطے کے امن اور استحکام کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔