اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )ہائیکورٹ نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کو ناقابل سماعت قرار دے دیا۔
توہین عدالت کی کارروائی سے متعلق درخواستوں پر سماعت ہوئی، جس پر عدالت نے دفتری اعتراض کو برقرار رکھتے ہوئے درخواستیں ناقابل سماعت قرار دے دیں۔
عدالت نے کہا کہ بادی النظر میں عمران خان کے بیانات سپریم کورٹ کے جج سے متعلق ہیں، لاہور ہائیکورٹ میں درخواستوں کی سماعت کیسے ہوسکتی ہے۔
آفس ہائی کورٹ نے درخواست کے قابل قبول ہونے پر اعتراض کیا تھا اور آفس ہائی کورٹ نے درخواست گزار کو سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کی تھی۔ اعتراض کیا گیا کہ درخواست میں ججز کو فریق نہیں بنایا جا سکتا۔
درخواست میں کہا گیا کہ عمران خان کی قیادت میں عدلیہ کے خلاف منظم مہم چلائی جا رہی ہے۔
اسی طرح عمران خان لاہور ہائی کورٹ اور اسلام آباد میں پیشی پر جتھوں کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئے لیکن سرکاری عمارتوں کو نقصان پہنچاتے ہوئے اور نعرے لگاتے ہوئے عدالت میں پیش ہونا توہین عدالت ہے۔ اسلام آباد کے جوڈیشل کمپلیکس پر منصوبہ بند حملہ ہوا، جس کا ماسٹر مائنڈ عمران خان تھا، عمران خان نے عدلیہ پر دباؤ ڈالنے کے لیے کارکنوں کو جوڈیشل کمپلیکس میں بلایا۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ لاہور ہائیکورٹ عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے، عدالت عمران خان کو عدالت میں طلب کر کے جواب دے۔عدالت نے درخواست ناقابل سماعت قراردے دی ۔