اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی گرفتاری کے لیے پولیس کے چھاپے فوری روکنے کی درخواست مسترد کر دی۔
ہائیکورٹ میں پرویز الٰہی کی رہائش گاہ پر پولیس اور اینٹی کرپشن آپریشن کے خلاف پرویز الٰہی کے بیٹے راسخ الٰہی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ پولیس اور اینٹی کرپشن کی جانب سے روزانہ چھاپے مارے جارہے ہیں، ہر روز نئی ایف آئی آر درج کر لی جاتی ہے
جسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیئے کہ عدالت کس قانون کے تحت گرفتاری سے روک سکتی ہے، رپورٹ آنے تک آپ جو کہتے ہیں اسے کیسے مان سکتے ہیں، پولیس کو اپنی طاقت لگانے دیں، معاملہ عدالت میں آنے پر دیکھیں گے۔
عدالت نے آئی جی اور ڈی جی اینٹی کرپشن کو قانون کے اندر رہ کر کام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ڈی جی اینٹی کرپشن اور آئی جی پنجاب سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔
عدالت نے پرویز الٰہی کی گرفتاری کے لیے پولیس کے چھاپے روکنے کی فوری درخواست مسترد کر دی