اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)لاہورہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس کا حتمی فیصلہ کرنے سے روک دیا۔
الیکشن کمیشن میں جاری توہین عدالت کی کارروائی کے خلاف سابق وزیراعظم کی درخواست پر سماعت ہوئی جس میں عدالت نے الیکشن کمیشن کو عمران خان کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کا حتمی فیصلہ کرنے سے روک دیا۔
عدالت نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنی کارروائی جاری رکھے لیکن حتمی فیصلہ نہ کرے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر الیکشن کمیشن اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے درخواست فل بنچ کے سامنے پیش کرنے کی ہدایت کی۔
درخواست کی سماعت لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس وحید خان نے کی جب کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے بیرسٹر سمیر کھوسہ عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے اپنے نوٹ میں لکھا ہے کہ اسی طرح کی دیگر درخواستوں کی سماعت فل بنچ کر ے۔ اس لیے یہ معاملہ بھی فل بنچ کے سامنے رکھا جائے۔
واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کے 20 جون کے حکم نامے کو چیلنج کیا ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن ایکٹ 2017 کی شق 10 کے تحت الیکشن کمیشن بھی ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ کی طرح توہین عدالت کا مرتکب ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ توہین عدالت کا اختیار سپریم کورٹ اور ہائی کورٹس کے پاس ہے۔ الیکشن کمیشن کی توہین کی کارروائی الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار سے باہر ہے۔ عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف الیکشن کمیشن کی توہین اور الیکشن ایکٹ کی دفعہ 10 کی کارروائی کو غیر آئینی قرار دے دیا۔