اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)چیف جسٹس پاکستان نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات میں تاخیر کا ازخود نوٹس لے لیا جس کی سماعت 9 رکنی بینچ آج دوپہر 2 بجے کرے گا۔
9 رکنی بینچ کی سربراہی چیف جسٹس پاکستان کریں گے جبکہ بینچ کے دیگر ارکان میں جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ خان آفریدی، جسٹس مظاہر نقوی، جسٹس جمال خان مندوخیل ،جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس اطہر من اللہ شامل ہیں۔
سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 3 سوالات پر ازخود نوٹس لیا گیا، دیکھا جائے گا کہ انتخابات کی تاریخ دینے کا اختیار کس کے پاس ہے۔ ازخود نوٹس میں یہ بھی دیکھا جائے گا کہ الیکشن کرانے کی آئینی ذمہ داری کس نے اور کب پوری کرنی ہے۔ وفاق اور صوبوں کی آئینی ذمہ داری کیا ہے؟
دوسری جانب حکومت نے 9 رکنی بینچ میں دو ججز جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس مظاہر نقوی کو شامل کرنے پر اعتراض کیا ہے۔
اس کے علاوہ پاکستان بار کونسل نے بھی از خود نوٹس کیس میں 9 رکنی بینچ پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔