اردوورلڈکینیڈا ( ویب نیوز)اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت ہوئی، جس میں استغاثہ کے آخری دو گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے گئے۔
سماعت کے دوران نیب افسر محسن ہارون اور ایف آئی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر شاہد پرویز نے اپنے بیانات قلمبند کرائے، جن پر وکلائے صفائی 24 ستمبر کو جرح کریں گے۔
کیس میں استغاثہ کے تمام 20 گواہوں کی شہادت مکمل ہو چکی ہے، جن میں سے 18 پر جرح بھی کی جا چکی ہے۔ مزید کوئی گواہ عدالت میں پیش نہیں کیا جائے گا۔
دورانِ سماعت عمران خان اور بشریٰ بی بی کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ کمرۂ عدالت میں عمران خان کی تینوں بہنیں اور بشریٰ بی بی کی بیٹی مہرالنساء احمد بھی موجود تھیں۔ اس موقع پر سینیٹر مشال یوسف زئی اور سینیٹر علی ظفر بھی شریک ہوئے۔
وکلائے صفائی ارشد تبریز اور ظہیر چوہدری نے عدالت میں دلائل دیے، جبکہ استغاثہ کی نمائندگی اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر ایف آئی اے ذوالفقار عباس نقوی اور عمیر مجید ملک نے کی۔
مقدمے کی سماعت اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے کی، جو 24 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی۔