اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز) کیلگری کے شہری شاید انتخابی رات کو یہ نہ جان سکیں کہ ان کا اگلا میئر کون ہے، کیونکہ الیکشنز کلیگری نے صوبائی پابندی کے باعث بیلٹ گنتی کا عمل سست کرنے کی تیاری کر لی ہے۔
اب تمام بیلٹ پیپرز ہاتھ سے گنے جائیں گے، اور حکام کا کہنا ہے کہ 20 اکتوبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے نتائج کو حتمی شکل دینے میں دو دن لگ سکتے ہیں۔
ریٹرننگ آفیسر کیٹ مارٹن نے کہا کہ یہ پچھلے برسوں کے مقابلے میں ایک نمایاں تبدیلی ہے۔انہوں نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ اس عمل کے دوران 12 منٹ میں صرف 20 بیلٹ گنے جا سکے۔
2021 کے الیکشن میں میئر جیوتی گونڈیک نے پولنگ ختم ہونے کے صرف 90 منٹ بعد رات 9:30 بجے اپنی کامیابی کی تقریر کر لی تھی۔ لیکن اس سال الیکشنز کلیگری کا اندازہ ہے کہ انتخابی رات کو دن والے ووٹوں کی گنتی میں تین سے چار گھنٹے لگ سکتے ہیں۔
ابتدائی (ایڈوانس) ووٹ، جو عام طور پر نصف کے قریب ہوتے ہیں، اگلے دن تک مکمل گنے نہیں جائیں گے۔ میئر کے ووٹ انتخابی رات کو گنے جائیں گے، لیکن کونسلرز اور اسکول بورڈ ٹرسٹیوں کے نتائج 21 اکتوبر تک جاری رہ سکتے ہیں۔
مارٹن نے کہاتمام دن والے ووٹ اسی رات گنے جائیں گے، اس لیے ہمیں ہر وارڈ میں لیڈ کرنے والے امیدوار کا اندازہ ہو جائے گا، لیکن الیکشنز کلیگری اگلے دن تقریباً دو بج کر تیس منٹ تک گنتی مکمل نہیں کرے گا۔
مئی 2024 میں البرٹا حکومت نے بل 20 منظور کیا، جس کے تحت اکتوبر 2025 سے میونسپل انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ وزیرِاعلیٰ ڈینیئل اسمتھ کی حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدام انتخابی عمل پر عوامی اعتماد بحال کرنے کے لیے کیا گیا ہے تاکہ ووٹنگ مکمل طور پر ہاتھ سے گنی گئی بیلٹ پیپرز پر ہو۔
یہ تبدیلی شہر کو 3.3 ملین ڈالر اضافی لاگت میں پڑے گی، جس میں مزید پولنگ اسٹیشنز، اضافی عملہ اور سامان شامل ہیں۔