اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)چین کے وزیر خارجہ وانگ ای اور پاکستان کے وزیر خارجہ و ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار نے بیجنگ میں ملاقات کی اور مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں ممالک نے خطے میں امن و استحکام قائم کرنے، فوری جنگ بندی یقینی بنانے اور تنازع کے پھیلاؤ کو روکنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر تمام متاثرہ علاقوں تک امداد پہنچانے کی اجازت ہونی چاہیے۔
ملاقات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ایران اور خلیجی ممالک کی خودمختاری، سرحدی سالمیت، قومی آزادی اور سیکیورٹی کے تحفظ کے لیے فوری مذاکرات کا آغاز کیا جائے۔ چین اور پاکستان تمام متعلقہ فریقین کی حمایت کرتے ہیں کہ وہ پرامن تصفیہ کے لیے بات چیت کریں اور مذاکرات کے دوران طاقت کے استعمال یا دھمکیوں سے گریز کریں۔
دونوں ممالک نے جنگ کے دوران شہریوں اور غیر فوجی اہداف کی حفاظت، توانائی، پانی کے حصول اور پرامن نیوکلیئر تنصیبات سمیت اہم بنیادی ڈھانچے پر حملے روکنے، اور بین الاقوامی انسانی قوانین کی مکمل پاسداری پر زور دیا۔
چین اور پاکستان نے آبنائے ہرمز میں موجود جہازوں اور عملے کی حفاظت، تجارتی و شہری جہازوں کی محفوظ اور فوری گزرگاہ کی بحالی، اور اس راستے کو جلد معمول کے مطابق لانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
ملاقات میں حقیقی کثیرالجہتی اقدامات کی اہمیت، اقوام متحدہ کے کردار کو مضبوط کرنے، خطے میں جامع امن فریم ورک قائم کرنے، اور اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قوانین کی بنیاد پر پائیدار امن کے قیام کے لیے تعاون پر بھی اتفاق کیا گیا۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق چین اور پاکستان کے درمیان بین الاقوامی اور علاقائی اہم امور پر یکساں مؤقف پایا جاتا ہے، جس کی بنیاد پر دونوں ممالک کے درمیان قریبی سفارتی تعاون جاری ہے۔