اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج سہ پہر وزیراعظم ہاؤس میں ہوگا۔ 4 روز میں اعلیٰ سول و عسکری قیادت کے دوسرے اجلاس کے ایجنڈے میں ملکی معیشت اور سلامتی کی صورتحال سرفہرست ہے۔
اجلاس میں حساس اداروں کے حکام ملک کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دیں گے جب کہ جمعے کو ہونے والے اجلاس میں زیر غور تجاویز پر اہم فیصلے متوقع ہیں۔
ذرائع کے مطابق آج ہونے والے اجلاس میں قومی سلامتی کمیٹی ملکی معیشت اور سلامتی سے متعلق واضح رہنما اصولوں کی منظوری دے گی۔
اجلاس میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے نیا آپریشن پلان پیش کیے جانے کا امکان ہے اور اس سلسلے میں دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائیوں کی منظوری بھی دی جائے گی۔