اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)مجوزہ آئینی ترامیم کے حوالے سے قومی اسمبلی، سینیٹ اور وفاقی کابینہ کے اجلاس آج پھر طلب کر لیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اتوار کو ہونے والا وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا، گزشتہ روز ہونے والا اجلاس ملتوی کیا گیا تھا اور اس حوالے سے وزراء کو بھی آگاہ کردیا گیا تھا۔
دوسری جانب گزشتہ روز قومی اسمبلی کا اجلاس مختصر کارروائی کے بعد ملتوی کردیا گیا۔
سپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات اور توجہ دلاؤ نوٹس کی تحریک پیش کی گئی جسے ایوان نے منظور کر لیا۔
اب قومی اسمبلی کا اجلاس آج دوپہر ساڑھے بارہ بجے دوبارہ طلب کر لیا گیا ہے۔
دریں اثناء سینیٹ کا اجلاس بھی ساڑھے بارہ بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔ مجوزہ آئینی ترامیم سے متعلق ایوان بالا کا اجلاس آج دوپہر 12:30 بجے دوبارہ شروع ہوگا۔
دوسری جانب پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں اپوزیشن اور حکومتی جماعتوں نے آئینی عدالت کی مشروط حمایت کردی۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی، جے یو آئی اور حکمران اتحادی جماعتوں نے آئینی عدالت سے مشروط رضامندی دے دی ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مدت ملازمت میں توسیع کے معاملے پر حکومت کا ساتھ نہیں دے سکتے۔
ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے بل پر مزید مشاورت کی تجویز دی جب کہ پی ٹی آئی نے مؤقف اختیار کیا کہ جلد بازی میں قانون سازی نہ کی جائے۔
25