یومِ آزادی پر قومی قیادت کا عزمِ نو،اتحاد،قربانی اور ترقی کا پیغام

اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر ملک کی اعلیٰ عدالتی و سیاسی قیادت اور حکومتی شخصیات نے قوم کو دلی مبارکباد پیش کی اور وطنِ عزیز کے تحفظ، خوشحالی اور جمہوریت کے استحکام کے عزم کو ایک بار پھر دہرایا۔

چیف جسٹس آف پاکستان نے اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ آزادی صرف ایک تاریخی دن نہیں بلکہ یہ ہماری اجتماعی ذمہ داریوں کی یاد دہانی کا موقع ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہوگا جہاں ہر شہری کو اپنی روزمرہ زندگی میں انصاف کی موجودگی کا احساس ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین عوامی امنگوں کا ترجمان اور بنیادی حقوق کا ضامن ہے، لہٰذا تمام اداروں کو اسے دیانت داری اور غیر جانبداری کے ساتھ قائم رکھنا چاہیے۔

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی نے اندرون و بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن شکرگزاری، فخر اور قربانیوں کی یاد کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج نے ہمیشہ ملک کا وقار بلند رکھا ہے اور ‘آپریشن بنیان مرصوص’ قومی سلامتی کی ایک نئی مثال ہے۔

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے اسے قربانی، جدوجہد اور اتحاد کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ‘بنیان مرصوص’ اور ‘معرکہ حق’ کی کامیابیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ ہماری افواج ہر محاذ پر قوم کے ساتھ کھڑی ہیں۔ انہوں نے جمہوری رہنماؤں اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی جمہوری اداروں کے استحکام سے وابستہ ہے۔

سندھ کے وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار نے اپنے پیغام میں کہا کہ 14 اگست کی تاریخ ہمیں لازوال قربانیوں اور مسلسل جدوجہد کی یاد دلاتی ہے۔ انہوں نے پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو ناقابلِ فراموش قرار دیتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ اتحاد اور حب الوطنی کے جذبے سے ملک کو پرامن اور خوشحال بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے قائداعظمؒ اور تحریکِ آزادی کے کارکنوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ‘معرکہ حق’ کی فتح نے جشنِ آزادی کی خوشی کو مزید بڑھا دیا ہے۔ انہوں نے مسلح افواج، شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کیا، کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان کے دفاع و ترقی کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کے دن اختلافات سے بالاتر ہو کر انصاف، مساوات اور خدمتِ خلق پر متحد ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے پوری قوم اور بالخصوص صوبے کے عوام کو یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن صرف خوشی کا موقع نہیں بلکہ قربانیوں، نظریات اور عہدِ وفا کی تجدید کا دن ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کا قیام برصغیر کے مسلمانوں کی طویل جدوجہد اور عظیم قربانیوں کا ثمر ہے، اور ہمیں اپنے اسلاف کے نظریات پر عمل پیرا ہو کر ملک کو ایک فلاحی ریاست بنانا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم آزادی کی سالگرہ کے ساتھ ساتھ ‘معرکہ حق – آپریشن بنیان مرصوص’ کی کامیابی کا جشن بھی منا رہے ہیں، جو ہمارے شہداء کی قربانیوں کا نتیجہ ہے اور پوری قوم ان کو سلام پیش کرتی ہے۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔