اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )محکمہ موسمیات نے آج سے ملک بھر میں بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کا سلسلہ آج سے 27 اگست تک جاری رہے گا، بحیرہ عرب سے آنے والی مون سون ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی۔
آج سے 27 اگست تک آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، گلگت بلتستان، گلیات، اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم سمیت پنجاب کے بیشتر علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش ہوگی۔
چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد، ہری پور، مانسہرہ، کوہاٹ، پشاور، مردان، صوابی نوشہرہ میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ میانوالی، سرگودھا، خوشاب اور بھکرم میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
25 اور 26 اگست کے دوران ڈیرہ اور اس سے ملحقہ شمال مشرقی بلوچستان کے مقامی اور بارش سے چلنے والے دریاؤں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مظفرآباد شہر اور گردونواح میں آسمان بادلوں سے ڈھکا ہوا ہے، بادلوں کے باعث گرمی کی شدت میں کمی آئی ہے۔
دوسری جانب لاہور شہر میں گزشتہ رات سے ہوا کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث شہر کا موسم قدرے بہتر ہوگیا ہے۔
ہواؤں نے گرمی اور نمی کی شدت میں کمی کی ہے اور درجہ حرارت 29 ڈگری ریکارڈ کیا جا رہا ہے، محکمہ موسمیات نے دن بھر ہوائیں چلنے کا اعلان کر دیا۔