اردو ورلڈ کینیڈاا ( ویب نیوز ) سعودی عرب کی وزارتِ حج و عمرہ نے عمرہ ویزا پالیسی میں اہم تبدیلیوں کا اعلان کر دیا ہے۔
نئی پالیسی کے تحت اب عمرہ ویزا حاصل کرنے کے بعد 30 دن کے اندر سعودی عرب میں داخل ہونا لازمی ہوگا، بصورتِ دیگر ویزا خود بخود منسوخ ہو جائے گا۔وزارت کے اعلامیے کے مطابق، اس سے قبل عمرہ ویزا جاری ہونے کے بعد **سعودی عرب میں داخلے کی مدت تین ماہ تک ہوتی تھی، تاہم نئی پالیسی کے تحت یہ مدت ایک ما کر دی گئی ہے۔البتہ سعودی عرب میں داخل ہونے کے بعد **قیام کی زیادہ سے زیادہ مدت بدستور تین ماہ** ہی رہے گی، یعنی زائرین ایک مرتبہ داخل ہونے کے بعد 90 دن تک مملکت میں قیام کر سکیں گے۔
ویزا کی مدت ختم ہونے سے قبل داخلہ لازمی
وزارتِ حج و عمرہ نے واضح کیا ہے کہ اگر کوئی شخص ویزا جاری ہونے کے 30 دن کے اندر سفر نہیں کرتا تو اس کا ویزا غیر فعال ہو جائے گا اور نیا ویزا حاصل کرنا لازمی ہوگا۔یہ فیصلہ عمرہ زائرین کی بڑھتی ہوئی تعداد او رانتظامی مؤثریت کو مدِنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
نئی پالیسی آئندہ ہفتے سے نافذ ہوگی
احمد با جعفر جو سعودی عرب کی نیشنل کمیٹی برائے عمرہ کے مشیر ہیں نے تصدیق کی ہے کہ نئی پالیسی آئندہ ہفتے سے نافذ العمل ہوگی۔ان کے مطابق، وزارتِ حج و عمرہ کا مقصد یہ ہے کہ عمرہ زائرین کی آمد و روانگی کے نظام کو بہتر بنایا جائے تاکہ مساجدِ مقدسہ میں رش اور ہجوم کو منظم انداز میں کنٹرول کیا جا سکے۔
رواں سال عمرہ زائرین کی ریکارڈ تعداد
جون 2025 سے اب تک 40 لاکھ سے زائد بین الاقوامی زائرین کو عمرہ ویزے جاری کیے جا چکے ہیں، جو گزشتہ برسوں کے مقابلے میں ریکارڈ اضافہ ہے۔وزارت کے مطابق، زائرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر عمرہ کے نظام میں ڈیجیٹل ٹولز، ای ویزا سہولت اور پری رجسٹریشن کو بھی مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔
وزارتِ حج و عمرہ نے تمام زائرین کو ہدایت کی ہے کہ وہ ویزا جاری ہونے کے فوراً بعد سفر کی تیاری مکمل کریں اور اپنی ٹکٹ اور رہائش کی بکنگ بروقت یقینی بنائیں تاکہ کسی قسم کی ویزہ منسوخی یا تاخیر سے بچا جا سکے۔