اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)اوٹاوا کا سب سے پرانا اور بڑا بے گھر افراد کا شیلٹر (Ottawa Mission) ایک نیا اور منفرد طریقہ اپنا رہا ہے تاکہ لوگوں کو کھانا فراہم کیا جا سکے۔
پچھلے ہفتے، اوٹاوا مشن نے ایک نیا منصوبہ پیش کیا جس کا مقصد لوگوں کو یہ سکھانا ہے کہ وہ خود اپنے لیے تازہ سبزیاں اگا سکیں۔ ان سبزیوں کو مشن کے کھانے کے پروگراموں میں استعمال کیا جائے گا تاکہ ضرورت مند لوگوں کو صحت مند خوراک دی جا سکے۔ یہ سبزیاں "ورٹیکل گارڈنز” (عمودی باغات) کے ذریعے اگائی جائیں گی جو "گروسر” (Growcer) نامی اوٹاوا کی ایک کمپنی نے بنائے ہیں۔ یہ باغات پانی پر مبنی نظام (ہائڈروپونک) سے کام کرتے ہیں اور سال بھر سبزیاں اگا سکتے ہیں۔
یہ منصوبہ 15 لاکھ ڈالر کی لاگت سے مکمل ہوا، جو RBC بینک کی جانب سے Ottawa Community Foundation کو دی گئی عطیہ کی مدد سے ممکن ہوا۔ اس منصوبے کا ایک حصہ یہ بھی ہے کہ لوگوں کو سکھایا جائے گا کہ وہ خود کیسے خوراک اگا سکتے ہیں۔
اوٹاوا مشن کے سی ای او، پیٹر ٹلی نے کہا کہ آجکل زیادہ سے زیادہ لوگ صحت مند کھانے کا خرچ برداشت نہیں کر سکتے، جس کی وجہ سے وہ مختلف بیماریوں کا شکار ہو جاتے ہیں۔ ہمیں خوشی ہے کہ اس منصوبے کی وجہ سے سال بھر صحت مند اور مقامی سبزیوں تک رسائی ممکن ہوگی، جو ہمارے مہمانوں کی صحت کے لیے مفید ہو گی۔
یہ دو گروسر فارم ہر سال 20,000 پاؤنڈ تازہ سبزیاں اگا سکتے ہیں، جس سے مشن اپنے کھانے کے پروگراموں کے لیے مقامی سطح پر خوراک حاصل کر سکے گا۔ شمالی امریکہ میں 125 سے زیادہ ایسے ہائڈروپونک فارم موجود ہیں، جو پائیدار زراعت کے ذریعے کمیونٹیز کو خوراک اگانے میں مدد دیتے ہیں۔
گروسر کے سی ای او، کوری ایلس نے کہا کہ یہ صرف خوراک اگانے کا نیا طریقہ نہیں، بلکہ ہم چاہتے ہیں کہ اوٹاوا باقی شہروں کے لیے مثال بنے کہ کس طرح مقامی خوراک کو بڑھایا جا سکتا ہے۔ یہ آغاز ہے، اور ہم امید کرتے ہیں کہ ملک بھر میں دیگر تنظیمیں بھی ایسا کریں گی۔”
یہ سبزیاں نہ صرف شیلٹر میں رہنے والے افراد، بلکہ مشن کے فوڈ ٹرک اور کمیونٹی پروگرامز میں استعمال ہوں گی۔ ساتھ ہی، مشن کے فوڈ سروسز ٹریننگ پروگرام کے طلبہ کو بھی ان سبزیوں کے ذریعے تربیت ملے گی، تاکہ وہ کام سیکھ کر غربت سے نکل سکیں۔