وادیٔ تیراہ کو خالی کرانے سے متعلق خبریں گمراہ کن اور بدنیتی پر مبنی ہیں، وزارت اطلاعات

اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) وفاقی وزارتِ اطلاعات و نشریات نے وادیٔ تیراہ کو فوج کے احکامات پر خالی کرانے سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو بے بنیاد، گمراہ کن اور سیاسی مقاصد کے تحت پھیلایا گیا پروپیگنڈا قرار د یدیا

وزارتِ اطلاعات کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے ان خبروں کا باقاعدہ نوٹس لیا ہے جن میں یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ وادیٔ تیراہ کو مسلح افواج کے احکامات پر خالی کروایا جا رہا ہے، جبکہ حقیقت میں ایسا کوئی حکم جاری نہیں کیا گیا۔اعلامیے کے مطابق وادیٔ تیراہ سے متعلق پھیلائی جانے والی اطلاعات بدنیتی پر مبنی ہیں اور ان کا مقصد عوام میں خوف و ہراس پیدا کرنا، سیکیورٹی اداروں کے خلاف غلط فہمیاں پیدا کرنا اور مخصوص سیاسی یا ذاتی مفادات کا حصول ہے۔
وزارتِ اطلاعات نے واضح کیا کہ وفاقی حکومت یا پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے وادیٔ تیراہ میں کسی قسم کی جبری نقل مکانی کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے معمول کے مطابق صرف انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر دہشت گرد عناصر کے خلاف محدود اور ہدفی کارروائیاں کرتے ہیں۔اعلامیے میں کہا گیا کہ انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کے دوران اس بات کو یقینی بنایا جاتا ہے کہ پُرامن شہریوں کی روزمرہ زندگی متاثر نہ ہو، اور نہ ہی ان کارروائیوں کے لیے کسی علاقے کو خالی کروانے یا آبادی منتقل کرنے کی ضرورت پیش آتی ہے۔
وزارتِ اطلاعات کے مطابق مقامی آبادی خود علاقے میں خوارج کی موجودگی پر تشویش کا اظہار کر رہی ہے اور تیراہ میں امن و استحکام کی خواہاں ہے، جس کے لیے حکومت اور سیکیورٹی ادارے مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں۔اعلامیے میں یہ بھی بتایا گیا کہ خیبر پختونخوا حکومت کے ریلیف، بحالی اور آبادکاری کے محکمے نے 26 دسمبر 2025 کو ایک نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، جس کے تحت چار ارب روپے مختص کیے گئے۔ یہ رقم تیراہ (باغ) کے چند علاقوں سے ممکنہ، عارضی اور مکمل طور پر رضاکارانہ نقل و حرکت کی صورت میں پیشگی انتظامات کے لیے رکھی گئی تھی۔وزارتِ اطلاعات کے مطابق اس اقدام کا مقصد کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاری کرنا تھا، جس میں ٹرانسپورٹ، خوراک، نقد امداد، عارضی قیام اور رجسٹریشن مراکز کے انتظامات شامل ہیں۔اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ متعلقہ دستاویزات کے مطابق ڈپٹی کمشنر خیبر نے واضح کیا ہے کہ مجوزہ رضاکارانہ نقل مکانی کا تصور مقامی آبادی کی خواہشات اور آراء پر مبنی ہے، جو ضلعی سطح پر منعقد ہونے والے نمائندہ جرگے کے ذریعے سامنے آئیں۔
وزارتِ اطلاعات نے بتایا کہ موسمی حالات، انتظامی سہولیات اور مقامی زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے اس عمل کو کیمپوں کے قیام کے بغیر انجام دینے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔اعلامیے کے اختتام پر کہا گیا کہ خیبر پختونخوا حکومت یا اس کے کسی عہدیدار کی جانب سے میڈیا میں دیا گیا ایسا کوئی بھی بیان، جس میں اس رضاکارانہ عمل کو مسلح افواج سے جوڑنے کی کوشش کی گئی ہو، سراسر غلط، من گھڑت اور بدنیتی پر مبنی ہے۔وزارتِ اطلاعات نے ایسے بیانات کو سیاسی مفادات کے حصول کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی اداروں کو متنازع بنانے کی یہ کوشش نہ صرف افسوسناک ہے بلکہ قومی مفاد کے بھی منافی ہے۔

 

 

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں