اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) سعودی عرب میں جاں بحق ہونے والے عازمین حج کی تعداد 58 پاکستانیوں سمیت ایک ہزار سے زائد ہوگئی۔وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے حاجیوں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی سفارتخانے کے حکام کو حجاج کو تمام سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اس سال 18 لاکھ افراد نے فریضہ حج ادا کیا۔ حج کے دوران درجہ حرارت 51.8 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔سعودی عرب میں حجاج کی ہلاکت کے حوالے سے عرب سفارت کار کا کہنا تھا کہ مرنے والے مصری حجاج کی تعداد کم از کم 600 ہے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق جاں بحق ہونے والے دیگر زائرین کا تعلق اردن، انڈونیشیا، ایران، سینیگال، تیونس اور عراق سے ہے۔
تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ آیا ان ممالک کے زائرین کی موت گرمی کی لہر کی وجہ سے ہوئی ہے یا نہیں۔ 20 لاپتہ اردنی حاجیوں کی تلاش بھی جاری ہے۔سعودی عرب نے مرنے والوں کی تعداد کے اعداد و شمار جاری نہیں کیے ہیں لیکن اتوار کے روز کہا تھا کہ 2,700 افراد گرمی کی تھکن سے متاثر ہوئے ہیں۔سعودی انتظامیہ نے مختلف ممالک کے عازمین حج کو بھی گرمی سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی تھی۔