310
اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )نواب شاہ کے قریب سرہڑی کے مقام پر ہزارہ ایکسپریس کے حادثے کے باعث بند ہونے والا ڈاؤن ٹریک 18 گھنٹے بعد بحال کر دیا گیا۔
ٹرین ہزارہ ایکسپریس کی 10 بوگیاں 13 گھنٹے بعد ٹریک سے ہٹا دی گئیں، ڈاؤن ٹریک بحال ہونے کے بعد ٹرینیں مختلف اسٹیشنوں پر رک کر کراچی کے لیے روانہ ہوگئیں۔
ریلوے حکام کے مطابق راولپنڈی سے کراچی جانے والی گرین لائن روانہ کردی گئی، ہزارہ ایکسپریس حادثے کے بعد گرین لائن ایکسپریس کو نواب شاہ اسٹیشن پر روک دیا گیا۔
اس کے علاوہ حویلیاں سے کراچی جانے والی ہزارہ ایکسپریس بھی منزل کی جانب رواں دواں ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی سے حویلیاں جانے والی ہزارہ ایکسپریس کی بوگیاں نواب شاہ کے قریب سرہڑی کے مقام پر پٹری سے اتر گئی تھیں جس کے نتیجے میں 37 افراد جاں بحق اور 70 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔
حادثے کے بعد پاک فوج، رینجرز، ریسکیو ٹیموں، پولیس اور مقامی لوگوں نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔