اردو ورلڈ کینیڈ ا ( ویب نیوز)نئے پاسپورٹ بنوانے کی فیس میں اضافے کی تردید کے باوجود ملک بھر کے پاسپورٹ دفاتر میں شہریوں کا غیر معمولی رش جاری ہے جس کے باعث 11 فروری سے ملک بھر میں مخصوص علاقائی پاسپورٹ دفاتر کھولنے کا حکم جاری کر دیا گیا ہے۔
پاکستانی پاسپورٹ بنوانے کی فیس میں اضافے کی افواہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس کے بعد سے پاسپورٹ دفاتر میں غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا۔
ڈائریکٹر امیگریشن اینڈ پاسپورٹ سندھ خالد میمن کے مطابق چونکہ ہفتہ کو نیشنل بینک کی شاخیں بند رہیں گی اور شہری فیس بینک میں جمع نہیں کرا سکیں گے، اس لیے وہ شہری جو پہلے ہی پاسپورٹ بنوانے کے لیے اپنی فیس آن لائن جمع کرا چکے ہیں وہ اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے، ایسے شہری 11 فروری بروز ہفتہ صبح 8 بجے سے دوپہر 2 بجے تک پاسپورٹ کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
ڈائریکٹر امیگریشن نے بتایا کہ سندھ کے تمام 13 پاسپورٹ دفاتر بشمول کراچی حیدرآباد، لاڑکانہ، سانگھڑ، ٹنڈوالہٰیار، میرپور خاص، خیرپور، قمبر شہدادکوٹ، سکھر، نواب شاہ، دادو، گھوٹکی اور مٹیاری کل کھلے رہیں گے۔
سنٹرل پنجاب زون، خیبرپختونخوا زون، شمالی پنجاب، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان زون، سندھ زون، بلوچستان زون، جنوبی پنجاب زون اور ہیڈ کوارٹرز زون کے بعض علاقائی پاسپورٹ دفاتر بھی 11 فروری کو کھلیں گے۔