اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )امریکہ نے دعویٰ کیا ہے کہ شام اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے ایک اہم معاہدہ تقریباً طے پا گیا ہے۔
یہ بات امریکہ کے خصوصی ایلچی برائے شام ٹام بیریک نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔امریکی ایلچی کے مطابق اس مجوزہ معاہدے کے تحت اسرائیل اپنی فضائی اور زمینی کارروائیاں روک دے گا، جبکہ شام اس بات کی پابندی کرے گا کہ وہ اسرائیلی سرحد کے قریب کوئی بھاری فوجی مشینری یا سازوسامان منتقل نہیں کرے گا۔ٹام بیریک نے کہا کہ یہ معاہدہ دراصل شام اور اسرائیل کے درمیان ایک وسیع تر سلامتی کے معاہدے کی جانب پہلا عملی قدم ثابت ہو سکتا ہے، جس پر دونوں ممالک کئی ماہ سے بات چیت کر رہے ہیں۔ ان کے بقول اگر یہ معاہدہ منظور ہو جاتا ہے تو خطے میں کشیدگی کم ہونے کے ساتھ ساتھ مزید سفارتی پیش رفت کے دروازے بھی کھل سکتے ہیں۔امریکی ایلچی نے بتایا کہ معاہدے پر عمل درآمد کے لیے اب صرف دونوں ممالک کی اعلیٰ سیاسی قیادت کی منظوری باقی ہے۔ جیسے ہی حتمی گرین سگنل ملے گا، اس معاہدے کو نافذ کر دیا جائے گا۔مبصرین کے مطابق اگر یہ معاہدہ کامیاب ہو جاتا ہے تو نہ صرف شام اور اسرائیل کے تعلقات میں بہتری آئے گی بلکہ پورے مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی میں کمی واقع ہوگی۔ تاہم، یہ دیکھنا ابھی باقی ہے کہ آیا دونوں ممالک کی قیادت اس معاہدے کو عملی شکل دینے پر تیار ہو پاتی ہے یا نہیں۔