اردوورلڈکینیڈا ( ویب نیوز )واٹس ایپ صارفین کے ایک چوتھائی فون نمبرز پر مبنی ڈیٹا مبینہ طور پر ہیکرز نے فروخت کے لیے پیش کر دیا ہے۔
ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 84 ممالک کے 48.7 ملین واٹس ایپ صارفین کے فون نمبروں پر مبنی ڈیٹا بیس ہیکنگ کمیونٹی فورم میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ واٹس ایپ صارفین کی تعداد 2 ارب سے زائد ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس مبینہ ڈیٹا بیس میں 32 ملین امریکی صارفین کے فون نمبر ہیں۔
اسی طرح مصر میں 4.5 ملین، اٹلی میں 3.5 ملین، سعودی عرب میں 2.9 ملین، فرانس اور ترکی کے 2.2 ملین، روس میں 1 ملین اور برطانیہ میں 1.1 ملین صارفین کا ڈیٹا لیک ہو گیا ہے۔
رپورٹ میں یہ نہیں بتایا گیا کہ لاکھوں واٹس ایپ صارفین کے فون نمبر کہاں سے لیک ہوئے۔
رپورٹ میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ممکنہ طور پر ہیکرز نے سکریپنگ نامی تکنیک کا استعمال کیا، جو ویب سائٹس سے ڈیٹا اکٹھا کرتی ہے۔
یعنی یہ ڈیٹا براہ راست واٹس ایپ سے لیک نہیں کیا گیا تھا بلکہ ہیکرز نے ویب پیجز سے تقریباً 50 کروڑ فون نمبر اکٹھے کیے تاکہ تصدیق کی جا سکے کہ وہ واٹس ایپ پر استعمال ہو رہے ہیں اور پھر ڈیٹا بیس کو فروخت کے لیے رکھ دیا۔
اس طرح کے ڈیٹا بیس کو سپیم اور اسی طرح کی دیگر آن لائن سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔