اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں شاہ محمود قریشی کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 3 روز کی توسیع کر دی۔
اسلام آباد کی خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات نے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت بند کمرے میں کی جس میں ایف آئی اے نے شاہ محمود کو عدالت میں پیش کیا۔
شاہ محمود قریشی کی جانب سے سینئر ایڈووکیٹ شعیب شاہین عدالت میں پیش ہوئے جب کہ ایف آئی اے کے اسپیشل پراسیکیوٹر شاہ خاور عدالت میں پیش ہوئے۔
اسپیشل پراسیکیوٹر نے اپنے دلائل میں کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے جلسے میں سائفر لہرایا جب کہ شعیب شاہین نے عدالت کو بتایا کہ سائفر کی کئی کاپیاں ہوسکتی ہیں۔
سماعت کے دوران شاہ محمود قریشی نے عدالت کو بتایا کہ بطور وزیر خارجہ انہوں نے سائفر وزارت خارجہ کو بھیجا اور انہوں نے سائفر چوری نہیں کیا۔
سماعت کے دوران ایف آئی اے کے اسپیشل پراسیکیوٹر نے شاہ محمود قریشی کے مزید 9 روز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جس کی شعیب شاہین نے مخالفت کی۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد شاہ محمود کے مزید جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا جس میں کچھ دیر بعد مزید توسیع کردی۔
عدالت نے شاہ محمود قریشی کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کی تحویل میں بھیج دیا، جس کے بعد ایف آئی اے والے پی ٹی آئی رہنما کے ہمراہ روانہ ہوگئے۔