اردوورلڈکینیڈا ( ویب نیوز)گلگت بلتستان کی نشست جی بی ایل اے 13 استور ون میں پولنگ جاری ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔
گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے حلقہ جی بی ایل اے 13 استور ون میں 9 آزاد امیدواروں سمیت 14 امیدوار میدان میں ہیں۔
تحریک انصاف کی جانب سے خورشید احمد خان، مسلم لیگ (ن) کے رانا فرمان علی جبکہ پیپلز پارٹی نے عبدالحمید خان پر انحصار کیا ہے، اسی طرح جمعیت علمائے اسلام کے بینر تلے عنایت اللہ میر ہیں۔
الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے ضلع استور میں ضمنی انتخاب کے لیے 56 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے ہیں جن میں سے 31 پولنگ اسٹیشن نارمل، 12 حساس اور 13 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ عمل کو شفاف بنانے کے لیے پولنگ عملے کی تعداد 264 رکھی گئی ہے جبکہ پولنگ کے دوران 363 اہلکار سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔
جی بی ایل اے 13 استور میں کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 33 ہزار 378 ہے جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 18 ہزار 231 ہے جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 15 ہزار 147 ہے۔واضح رہے کہ یہ نشست سابق وزیراعلیٰ خالد خورشید کی جعلی ڈگری کیس میں نااہلی کے بعد خالی ہوئی تھی۔