اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) اسرائیل اورحماس کے درمیان چند روز میں جنگ بندی کا امکان ، اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو مصرروانہ ہو گئے ۔
ذرائع کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم جنگ بندی مذاکرات کے لیے قاہرہ روانہ ہو گئے ہیں۔خبر رساں ادارے کے مطابق ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ آئندہ چند روز میں غزہ میں جنگ بندی کا معاہدہ طے پانے کا امکان واضح ہوگیا ہے۔تاہم اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر نے کہا ہے کہ نیتن یاہو فی الحال مصر میں نہیں ہیں تاہم ان کے دفتر نے مصر کے کسی بھی ممکنہ دورے کے بارے میں خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق فلسطینی صدر محمود عباس کل مصر کا دورہ بھی کریں گے۔دوسری جانب فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے کہا ہے کہ اگر اسرائیل نئی شرائط عائد کرنا بند کر دے تو جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کا معاہدہ ہو سکتا ہے۔واضح رہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں غزہ میں 45,059 فلسطینی شہید اور 107,041 زخمی ہو چکے ہیں۔اسرائیلی حملوں میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔