اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)پنجاب حکومت کے اقدامات اور کم رفتار ہواؤں کے باعث آج لاہور کی فضاء میں آلودگی کی شدت میں کمی کا امکان ہے۔
مشرق سے مغرب کی سمت چلنے والی ہواؤں کے نتیجے میں شہر میں ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) کی اوسط 220 سے 240 کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔
گزشتہ روز بھارت میں دیوالی کے موقع پر آتش بازی اور فصلوں کی باقیات جلانے سے پیدا ہونے والی سموگ ہواؤں کے ذریعے لاہور اور پنجاب کے دیگر شہروں میں داخل ہوئی تھی۔ تاہم، پنجاب حکومت کے اینٹی سموگ اقدامات سے فضا میں بہتری دیکھی جا رہی ہے، اور آج شہر کا ایئر کوالٹی لیول نسبتاً بہتر رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، ہوا کی رفتار 3 سے 8 کلومیٹر فی گھنٹہ رہے گی، صبح کے اوقات میں درجہ حرارت کم جبکہ بارش کا کوئی امکان نہیں۔ صبح اور رات کے وقت فضائی معیار کے دوبارہ خراب ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ شام کے دوران ٹریفک کے دباؤ، کمرشل گاڑیوں اور بھارتی علاقوں سے آنے والی آلودگی کے باعث AQI میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
دوپہر کے وقت (12 سے 5 بجے تک) ہوا نسبتاً صاف رہے گی، درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ اور ہوا کی رفتار 11 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
صوبائی حکومت نے شہریوں، خصوصاً بچوں، بزرگوں اور سانس یا دل کے مریضوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ صبح سویرے اور شام کے وقت غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں۔
بھارت کے مختلف علاقوں سے پاکستان کے شہروں کی جانب ہلکی رفتار سے ہوائیں چلنے کا سلسلہ جاری رہے گا، جن کی رفتار 4 سے 9 کلومیٹر فی گھنٹہ تک متوقع ہے۔
پنجاب میں اینٹی سموگ آپریشن تیزی سے جاری ہے، آلودگی والے علاقوں میں اینٹی سموگ گنز اور چھڑکاؤ کے ذریعے دھول اور دھوئیں پر قابو پانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ حکومت کے اقدامات کے ساتھ عوام کا تعاون سموگ میں کمی کے لیے نہایت ضروری ہے۔