192
اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ احتجاج ہر پاکستانی کا آئینی حق ہے، جو ہمیشہ قانون کے دائرے میں رہ کر کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے سیاسی و عسکری قیادت کو اپنی تشویش سے آگاہ کر دیا ہے۔
صدر مملکت عارف علوی نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان کی گرفتاری اور مار پیٹ سے پیدا ہونے والی صورتحال پر تشویش ہے، انسانی جانوں کا ضیاع باعث تشویش اور انتہائی قابل مذمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کچھ شرپسندوں نے سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا ہے، سرکاری اور فوجی عمارتوں کو پہنچنے والے نقصان کی مذمت کرتے ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ جبر اور گرفتاریوں کے بجائے مسائل کا سیاسی حل تلاش کرنا ہوگا، امید کرتا ہوں کہ حالات بہتر ہوں گے۔
صدر مملکت عارف علوی نے تمام شہریوں سے پرامن رہنے کی اپیل کی ہے۔
واضح رہے کہ منگل کو نیب نے سابق وزیراعظم عمران خان کو القادر ٹرسٹ کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتار کیا تھا جس کے بعد ملک بھر میں احتجاج کیا جا رہا ہے۔