ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں رات گئے ایک اہم پیش رفت ہوئی جب آخری لمحات میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیر اعظم کی طرف سے بھیجے گئی دوسری سمری پر دستخط کیے اور آج نو منتخب قومی اسمبلی کا پہلا اجلاس بلانے کی منظوری دی.
اپنے تحفظات کے باوجود صدر نے اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کیں اور جاری قیاس آرائیوں اور مباحثوں کو ختم کرنے کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس بلایا.
تفصیلات کے مطابق 16ویں قومی اسمبلی کا افتتاحی اجلاس صبح 10 بجے شروع ہوگا، جہاں اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اسمبلی کے نومنتخب اراکین سے حلف لیں گے.
افتتاحی اجلاس میں نومنتخب ارکان کا ریڈ کارپٹ پر استقبال کیا جائے گا. سابق وزرائے اعظم نواز شریف، شہباز شریف، سابق صدر آصف علی زرداری، علیم خان اور راجہ پرویز اشرف کو حکومتی بنچوں کی فرنٹ لائن پر نشستیں الاٹ کی گئی ہیں.
اس کے علاوہ اپوزیشن کے عمر ایوب، سابق اسپیکر اسد قیصر، صاحبزادہ حامد رضا، مولانا فضل الرحمان اور محمود خان اچکزئی اگلی نشستوں پر بیٹھیں گے
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق افتتاحی اجلاس دو نکاتی ایجنڈے پر مشتمل ہوگا، اجلاس کے آغاز میں قرآن پاک اور حمد وسانہ کی تلاوت کے بعد قومی ترانہ پڑھا جائے گا، جس کے بعد سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اسمبلی کے نو منتخب ارکان سے حلف لیں گے
حلف برداری کی تقریب کے بعد اسمبلی کے ارکان ایک ایک کر کے اسمبلی کے اسپیکر کے ڈائس پر جائیں گے اور ارکان کے رول پر دستخط کریں گے. سپیکر راجہ پرویز اشرف کی جانب سے نئے سپیکر اور قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے شیڈول کا اعلان کرنے کے بعد اجلاس کے اختتام پر کارروائی ملتوی کر دی جائے گی.
114