اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں شہری مہنگے داموں آٹا خریدنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ بیس کلو آٹے کا تھیلا اب 3 ہزار روپے تک پہنچ گیا ہے، جہاں سب سے زیادہ قیمت بنوں اور پشاور میں ریکارڈ کی گئی ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق بنوں اور پشاور میں بیس کلو آٹے کی قیمت 3 ہزار روپے تک جا پہنچی ہے۔ اسلام آباد میں بیس کلو آٹے کا تھیلا 2960 روپے میں دستیاب ہے، جبکہ راولپنڈی میں یہ 2933 روپے تک پہنچ گیا ہے۔
بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں بیس کلو آٹے کا تھیلا 2850 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، حیدرآباد میں 2760 روپے، اور کراچی میں 2700 روپے میں دستیاب ہے۔ سرگودھا میں بیس کلو آٹے کا تھیلا 2667 روپے تک پہنچ چکا ہے۔
ملتان، فیصل آباد، سکھر اور خضدار میں بیس کلو آٹے کی قیمت 2600 روپے ریکارڈ کی گئی ہے۔ سیالکوٹ میں بیس کلو آٹے کا تھیلا 2540 روپے میں دستیاب ہے، جبکہ بہاولپور میں یہ 2506 روپے، لاڑکانہ میں 2500 روپے اور گوجرانوالہ میں 2467 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
لاہور کے شہری اب بھی سب سے کم قیمت پر آٹا خرید سکتے ہیں، جہاں بیس کلو کا تھیلا 1850 روپے میں دستیاب ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک میں زرمبادلہ کے ذخائر میں حالیہ اضافہ ہونے کے باوجود، آٹے کی قیمتیں بڑھنے کی بنیادی وجوہات میں عالمی مارکیٹ میں گندم کی مہنگائی اور ٹرانسپورٹ کے اخراجات شامل ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں یہ اضافہ ان کے گھریلو بجٹ پر شدید اثر ڈال رہا ہے اور بہت سے لوگ محدود مقدار میں آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔