اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)وزیر مملکت مصدق ملک نے کہا ہے کہ 15 فروری سے پہلے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہیں بڑھیں گی۔
مصدق ملک نے ایک بیان میں کہا کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات کا پیٹرول کی قیمتوں سے کوئی تعلق نہیں، 15 فروری سے پہلے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا کوئی امکان نہیں۔
مصدق ملک نے کہا کہ محدود مقدار میں سپلائی کرنے والے پٹرول پمپس کی نشاندہی کرنا ضروری ہے، پٹرول ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
مختلف شہروں میں پٹرول کی قلت ،کئی علاقوں میں پمپس بند ، گاڑیوں کی لمبی قطاریں
وزیر مملکت کا کہنا ہے کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں سے میٹنگ ہوئی، ملک میں 20 دن کا پیٹرول اور 25 دن کا ڈیزل موجود ہے، لوگ پیٹرول ذخیرہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
دوسری جانب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی افواہ پر گوجرانوالہ، سرگودھا سمیت مختلف شہروں میں پیٹرول پمپس پر لمبی قطاریں لگ گئیں۔
ذرائع کے مطابق تین روز سے پیٹرول کی عدم فراہمی کے باعث بیشتر پیٹرول اسٹیشنز پر پیٹرول ختم ہوگیا، گوجرانوالہ شہر اور گردونواح کے 350 میں سے صرف 50 پیٹرول اسٹیشنز پر پیٹرول دستیاب ہے، شہریوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں۔ پٹرول لینے کے لیے گاڑیاں۔ گوجرانوالہ کے بیشتر پٹرول پمپس سے پٹرول کی سپلائی بند ہونے سے شہریوں کو گھنٹوں انتظار کرنے پر شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود پیٹرول کی عدم دستیابی حکومت کی ناکامی ہے، مصنوعی بحران پیدا کرکے شہریوں کی تذلیل کی جارہی ہے، حکومت پیٹرول کی سپلائی بحال کرے۔