اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)وزیر اعظم شہباز شریف اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس آج سندھ اور بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے جہاں وہ امدادی سرگرمیوں اور آفت سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیں گے۔
وہ سیلاب متاثرین سے بھی ملاقات کریں گے۔
کابینہ کے ارکان اور اقوام متحدہ کا وفد بھی ان کے ہمراہ ہوگا۔
دورے کا آغاز سکھر ایئرپورٹ پر وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے جامع بریفنگ سے ہوگا۔ اس کے بعد وزیراعظم اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بلوچستان میں جعفرآباد کی تحصیل اوستہ محمد میں سیلاب متاثرین سے ملاقات کریں گے۔
دریں اثناء وزیر خارجہ بلاول بھٹو بھی وزیر اعظم اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ساتھ سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں کے دورے پر آئے ہیں۔
بعد ازاں وزیراعظم اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری لاڑکانہ جائیں گے اور سیلاب متاثرین سے ملاقات کریں گے۔
دونوں رہنما سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ بھی لیں گے۔