اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)نگران وزیراعظم کے نام پر وزیراعظم شہباز شریف اور قائد حزب اختلاف اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کے درمیان مشاورت ہوئی۔
تفصیلات مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کو خط لکھ کر مشاورت کی دعوت دی ۔ دونوں نے ایک دوسرے کے سامنے تین تین نام رکھے ہیں جن پر مشاورت ہوئی
اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد نگران وزیراعظم کے نام کو حتمی شکل دینے کے لیے 3 دن کا وقت ہے۔ تین دن میں نام فائنل نہ ہونے کی صورت میں معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے پاس جائے گا۔ ملک میں عبوری حکومت کے وزیراعظم کی تقرری پر مشاورت جاری ہے۔
اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کا کہنا ہے کہ نگرا ن وزیراعظم کے معاملے پر کوئی ڈیڈ لاک نہیں، نگران وزیراعظم کے نام کو حتمی شکل دینے کی تمام کوششیں کی جائیں گی۔
دوسری جانب سابق سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی وزارت عظمیٰ کے مضبوط امیدوار بن گئے۔ ذرائع کے مطابق جلیل عباس جیلانی کے بارے میں قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ نگرا ن وزیراعظم کے لیے ان کے نام کی منظوری دیے جانے کا امکان ہے
ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی وزیراعظم ہاؤس جائیں گے۔ اب وہ نگران وزیراعظم کے لیے مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آئے ہیں۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ آج وزیراعظم سے خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی جس میں نگرا ن وزیراعظم کے لیے نام پر بات ہوئی، کل اس معاملے پر مزید مشاورت ہوگی۔
ملاقات کے بعد وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے اپوزیشن لیڈر کو آئین کی روشنی میں نگرا ن وزیراعظم کی تقرری کے حوالے سے مشاورت کے لیے مدعو کیا۔ فیصلہ کیا گیا کہ اس اہم قومی مسئلے پر مزید غور و خوض کے بعد کل 11 اگست کو اس حوالے سے مزید مشاورت کی جائے گی۔