اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)کینیڈا کے تمام صوبوں اور خطوں کےپریمیئر نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ ہفتے وزیراعظم مارک کارنی کے ساتھ ہونے والی ورچوئل ملاقات میں تجارتی تعلقات اور انفراسٹرکچر سرمایہ کاری کو ترجیحی ایجنڈا کے طور پر پیش کریں گے۔ یہ اجلاس پیر کے روز منعقد ہوگا، جس کی تفصیلات وزرائے اعلیٰ نے آج صبح وزیراعظم کو بھیجے گئے ایک خط میں بیان کیں۔
صوبائی رہنماؤں کے مطابق اس ملاقات میں امریکہ، چین اور بھارت کے ساتھ تجارتی تعلقات پر بھی گفتگو کی جائے گی، کیونکہ عالمی سطح پر بدلتی ہوئی اقتصادی صورتحال کے پیشِ نظر کینیڈا کو اپنے تجارتی مفادات کے تحفظ کے لیے مربوط پالیسی کی ضرورت ہے۔
یہ ورچوئل اجلاس اس سال کے دوران وزرائے اعلیٰ اور وزیراعظم مارک کارنی کے درمیان ہونے والی ملاقاتوں کے سلسلے کی تازہ ترین کڑی ہے۔ کارنی نے منصب سنبھالنے کے بعد صوبائی قیادت سے مسلسل رابطے اور تعاون کا وعدہ کیا تھا، تاکہ قومی پالیسی سازی میں تمام خطوں کی آواز شامل رہے۔
پریمیرز نے اپنے خط میں واضح کیا کہ جولائی میں ہونے والی آخری ملاقات کے بعد سے امریکہ کے ساتھ تعلقات میں نمایاں تبدیلیاں آئی ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ وفاقی حکومت صوبوں کو موجودہ حالات سے مکمل طور پر آگاہ رکھے۔
خط میں مزید کہا گیا کہ اوٹاوا اور صوبوں کے درمیان تعاون کینیڈا کی معاشی ترقی کے لیے نہایت اہم ہے۔ رہنماؤں نے وزیراعظم کارنی کے اس عزم کو سراہا کہ وہ مستقل بنیادوں پر صوبائی حکومتوں کے ساتھ مشاورت کا سلسلہ جاری رکھیں گے تاکہ قومی معیشت کو مضبوط اور متوازن بنایا جا سکے۔