156
اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے غداری کے نئے قانون پر دستخط کر د ئیےہیں جس کے مطابق غداروں کو اب عمر قید کی سزا دی جائے گی۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق پیوٹن نے ضابطہ فوجداری میں ترامیم پر دستخط کیے ہیں جن میں غداری، دہشت گردی اور ان بین الاقوامی تنظیموں کی مدد کرنے کے لیے سخت سزائیں دی گئی ہیں جن کا روس رکن نہیں ہے۔
نئے ضابطہ فوجداری کے تحت غداری کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے روسی شہری کو عمر قید کی سزا ہو گی۔ اس کے علاوہ پراسیکیوشن دہشت گردی کے مقدمات میں 20 سال تک کی سزا کی درخواست کر سکتا ہے ۔
جب کہ دہشت گردی کے لیے افرادی قوت بڑھانے کی سزا 7 سال قید کر دی گئی ہے۔اس کے علاوہ، بین الاقوامی تنظیموں (جیسے بین الاقوامی فوجداری عدالت) کے کام میں تعاون یا اس کے فیصلوں پر عمل درآمد 5 سال تک قید کی سزا کا باعث بن سکتا ہے۔