اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ کلبھوشن کی گرفتاری پاکستان میں بھارت کی دہشت گردی کا ثبوت ہے، اس لیے بھارتی وزیر خارجہ کے حالیہ ریمارکس غیر ضروری اور بے بنیاد ہیں۔
اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی سے متاثرہ ملک رہا ہے، ہمارے پاس پاکستان میں دہشت گردی میں بھارت کے ملوث ہونے کے ثبوت موجود ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان روس اور یوکرین کے تنازع پر غیر جانبدارانہ پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے۔ ہم نے اس عرصے میں کسی فریق کو ہتھیار فراہم نہیں کیے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے، سید شکیل یوسف اور سید شاہد یوسف نامی کشمیریوں کی جائیدادیں ضبط کر لی گئی ہیں، دونوں کشمیری پہلے ہی بھارت کی تحویل میں ہیں۔ پاکستان دہشت گردی کا شکار رہا ہے۔ .
ترجمان نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف 6 مئی کو برطانوی بادشاہ چارلس کی تاجپوشی کے لیے برطانیہ جائیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت کی میزبانی میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے دفاع کا اجلاس ہوا، ملاقات میں معاون خصوصی برائے دفاع ملک احمد خان نے ویڈیو لنک پر پاکستان کی نمائندگی کی، ملاقات میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی جگہ معاون خصوصی ملک احمد خان نے شرکت کی۔ .
انہوں نے کہا کہ اجلاس میں پاکستان کی شرکت شنگھائی تعاون تنظیم کے چارٹر کی توثیق کے عزم کا اظہار ہے، پاکستان کی شرکت علاقائی تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کی تجدید ہے۔