اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )عدالت نے جمعہ کو اسلام آباد پولیس کی جانب سے پاکستان تحریک انصا کے رہنما شہباز گل کے 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کی منظوری کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ان کا دوبارہ میڈیکل چیک اپ کرانے کا حکم دے دیا۔
شہباز گل کو پمز ہسپتال کے میڈیکل بورڈ کی جانب سے جسمانی طور پر فٹ قرار دینے کے بعد اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں پیش کیا گیا۔
پولیس نے شہباز گل کے مزید 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کی منظوری کے لیے درخواست دائر کر دی ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا پولیس نئے ریمانڈ کی درخواست کر رہی ہے یا پہلے کی توسیع کی؟
اس حوالے سے جج نے مزید ریمارکس دیئے کہ کیا پولیس دو دن میں تفتیش کرنے میں کامیاب ہوئی ہے یا نہیں؟
عدالت نے پی ٹی آئی رہنما کی ظاہری حالت کو دیکھتے ہوئے شہباز گل کو فوری طور پر ماسک اور آکسیجن لگانے کی ہدایت کی تھی۔
عدالت نے پی ٹی آئی رہنما کا دوبارہ میڈیکل چیک اپ کرانے کی ہدایت کے ساتھ 8 روزہ ریمانڈ کی درخواست بھی مسترد کردی، مزید کہا کہ گل کو دوبارہ طبی معائنے کے لیے پیر تک اسپتال میں داخل کیا جائے گا۔
جبکہ پمز ہسپتال کے میڈیکل بورڈ کی رپورٹ میں ڈاکٹرز نے شہباز گل کو مکمل طور پر فٹ قرار دیا تھا اور مزید کہا تھا کہ شہباز گل پر کوئی تشدد نہیں کیا گیا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ پی ٹی آئی رہنما کی صحت ان کی ماضی کی طبی تاریخ میں ہونے والی بیماریوں کی وجہ سے بگڑ گئی تھی اس لیے میڈیکل ٹیم نے متفقہ طور پر انہیں ڈسچارج کرنے کا فیصلہ کیا۔
قبل ازیں، اسلام آباد ہائی کورٹ نے جمعرات کو انسپکٹر جنرل آف پولیس کو سابق ایس اے پی ایم اور پی ٹی آئی رہنما شہباز گل پر مبینہ تشدد کی تحقیقات کا حکم دیا۔
سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی چیئرمین کے چیف آف سٹاف کو، جنہیں اسلام آباد پولیس نے گزشتہ ہفتے بغاوت کے مقدمے میں گرفتار کیا تھا، سیشن عدالت کے حکم کے بعد بدھ کو دیر گئے اسلام آباد پولیس کے حوالے کر دیا گیا تھا۔