اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)سعودی عرب کی حکومت نے بیمار افراد کو حج پر جانے سے روکنے کا فیصلہ کیا ہے وزارت مذہبی امور نے ہدایت دی ہے کہ حج 2026 کے عازمین کو صحت کے معیار پر پورا اترنا لازمی ہوگا اور میڈیکل سرٹیفکیٹ دینے والے ڈاکٹر بھی خبردار رہیں۔
وزارت صحت کی ہدایات کے مطابق ایسے افراد جو کینسر، دل، گردے، پھیپھڑے، جگر، رعشہ، نفسیاتی امراض، یادداشت میں کمزوری یا عمومی کمزوری رکھتے ہیں، حج نہیں کر سکیں گے۔
اس کے علاوہ حاملہ خواتین، کالی کھانسی، تپ دق، یا وائرل ہیمرج بخار والے افراد بھی حج پر نہیں جا سکتے۔وزارت مذہبی امور نے واضح کیا ہے کہ جعلی یا غلط سرٹیفکیٹ دینے والے ڈاکٹر کے خلاف کارروائی ہوگی۔
بیماری کے باوجود حج کرنے والے عازمین کو واپس بھیج دیا جائے گا اور اس کے تمام اخراجات خود عازم حج ادا کرے گا۔ سعودی حکام کی مانیٹرنگ ٹیمیں میڈیکل سرٹیفکیٹ کی تصدیق کریں گی۔
وزارت کے مطابق حج کے لیے صرف وہی افراد روانہ ہوں گے جو صحت کے مقررہ معیار پر پورا اتریں اور میڈیکل افسر ہی یہ فیصلہ کرنے کا مجاز ہوگا کہ کون حج پر روانہ ہو سکتا ہے اور کون نہیں۔