اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )وزارت دفاع نے الیکشن التوا کیس کے حوالے سے سربمہر رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی۔
اٹارنی جنرل اور وزارت دفاع کے حکام کی جانب سے سیکیورٹی اہلکاروں کی دستیابی سے متعلق رپورٹ چیف جسٹس کو پیش کردی گئی۔
چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال، جسٹس منیب اختر اور جسٹس اعجاز الاحسن چیمبر میں رپورٹ کا جائزہ لیں گے۔
سپریم کورٹ نے الیکشن التوا کیس میں گزشتہ روز فیصلہ محفوظ کیا تھا جو آج سنایا جائے گا۔ چیف جسٹس نے گزشتہ روز سماعت کے دوران ریمارکس دیئے تھے کہ لوگ چاہتے ہیں کہ اپنی مرضی کے جج فیصلہ کریں۔
گزشتہ روز الیکشن التوا کیس کی سماعت میں وفاقی حکومت نے اپنا جواب جمع کراتے ہوئے تحریک انصاف کی درخواست مسترد کرنے کی استدعا کی تھی۔
آج اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان سپریم کورٹ پہنچے۔ بعد ازاں وزیراعظم کے معاون خصوصی ملک احمد خان اور عطا تارڑ سپریم کورٹ پہنچ گئے۔ سپریم کورٹ میں اہم کیس کی سماعت کے سلسلے میں اندر اور باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ شاہراہ دستور کی سیکیورٹی رینجرز اور ایف سی کے سپرد جبکہ اسلام آباد پولیس اور ایف سی کے اہلکاروں کو سپریم کورٹ کی سیکیورٹی پر مامور کیا گیا تھا۔