اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)سیکیورٹی فورسز نے کالعدم بلوچ نیشنل آرمی کے بانی اور انتہائی مطلوب دہشت گرد گلزار امام کو گرفتار کرلیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے ہائی ویلیو ٹارگٹ گلزار امام عرف شمبے کو گرفتار کرلیا۔ گلزار امام کالعدم عسکریت پسند تنظیم بلوچ نیشنل آرمی کا بانی اور رہنما ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچ ریپبلکن آرمی اور یونائیٹڈ بلوچ آرمی کے انضمام سے بننے والی یہ تنظیم پنجگور اور نوشکئی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں ملوث رہی ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ بلوچ نیشنل آرمی پاکستان میں درجنوں دہشت گرد حملوں کی ذمہ دار ہے۔ گلزار امام 2018 تک بلوچ ریپبلکن آرمی میں براہمداغ بگٹی کے نائب بھی تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گلزار امام نے بلوچ راجی اجوئے سانگر کی تشکیل میں بھی اہم کردار ادا کیا، وہ بلوچ راجی اجوئے سانگر کے آپریشنل ہیڈ بھی تھے، گلزار امام کے افغانستان اور بھارت کے دورے بھی ریکارڈ پر ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گلزار امام کو مکمل منصوبہ بندی کے ساتھ کامیاب آپریشن کے بعد گرفتار کیا گیا، ان کی گرفتاری بی این اے اور دیگر عسکریت پسند گروپوں کے لیے بڑا دھچکا ہے