پاکستان میں مقیم سکھ برادری نے لاہور میں بھارتی حکومت کے خلاف مظاہرہ کیا۔ سکھ برادری کا کہنا تھا کہ کینیڈا میں خالصتان کے حامی رہنما ہردیپ سنگھ نائجر کے قتل میں بھارت کا ہاتھ ہے۔
سکھ رہنما ہردیپ سنگھ کے قتل میں بھارت ملوث نکلا،کینیڈا کا بھارتی سفارتکار کو ملک چھوڑنے کا حکم
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق رکن پنجاب اسمبلی سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ خالصتانی رہنما کے قتل میں بھارت ملوث ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت خالصتان ریفرنڈم سے خوفزدہ ہے اور اسی لیے وہ سکھوں کو نشانہ بنا رہی ہے تاہم خالصتان کے قیام کے لیے پرامن، جمہوری جدوجہد سکھوں کا بنیادی حق ہے۔
کینیڈین سکھ رہنما کی موت کے پیچھے بھارتی حکومت کا ہاتھ ہے: جسٹن ٹروڈو
ان کا مزید کہنا تھا کہ کینیڈین وزیراعظم نے سکھ رہنما کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ بھارت نے ہمیشہ دہشت گردی پھیلائی ہے۔
احتجاج کے دوران سکھ برادری نے بھارتی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور عالمی برادری سے بھارتی حکومت کی جانب سے سکھوں پر مظالم اور نسل کشی کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
سکھ مظاہرین کا کہنا تھا کہ جب سے بھارت میں مودی سرکار آئی ہے سکھوں اور مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتوں کے خلاف ظلم و تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔
ادھر پشاور میں بھی سکھوں نے ہردیپ سنگھ نائجر کے قتل کے خلاف گوردوارے کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا اور بھارت کے خلاف نعرے لگائے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ سکھ رہنما کے قتل میں بھارتی خفیہ ایجنسی ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکھ برادری اس افسوسناک واقعے پر خاموش نہیں رہ سکتی۔