اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ آج پیپلز پارٹی کی صورتحال 2018 کے مقابلے میں بہتر ہے، کارکنان کے حق میں فیصلے ہوں گے، پیپلزپارٹی خواتین ونگ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔
گزشتہ روز پیپلز پارٹی خواتین ونگ پنجاب کے وفد نے ثمینہ خالد گھرکی کی قیادت میں آصف علی زرداری سے بلاول ہاؤس لاہور میں ملاقات کی۔
وفد سے گفتگو میں آصف زرداری کا کہنا تھا کہ بہت جلد لاہور میں اپنا کیمپ لگائیں گے، 2018 کے مقابلے میں آج پیپلز پارٹی کی صورتحال بہتر ہے۔
انہوں نے کہا کہ شازیہ مری اور خواتین ونگ کے درمیان بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے حوالے سے ملاقات کا اہتمام کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ پیپلز پارٹی خواتین ونگ نے قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر کارکنوں کو ترجیح دینے پر اصرار کیا جس پر آصف زرداری نے کہا کہ ثمینہ خالد گھرکی اور دیگر خواتین رہنما خواتین رہنماؤں کے مطالبات پر ہمدردانہ غور کریں گی۔