اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)سپریم کورٹ نے ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل نذر عباس کے خلاف توہین عدالت کیس کا محفوظ کیا گیا فیصلہ جاری کر دیا۔
جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس عقیل عباسی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے فیصلہ سناتے ہوئے سپریم کورٹ کے ایڈیشنل رجسٹرار کو توہین عدالت کیس سے بری کرتے ہوئے معاملہ فل کورٹ سماعت کے لیے چیف جسٹس کو بھجوا دیا۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ نذر عباس نے جان بوجھ کر توہین عدالت نہیں کی، نذر عباس کے خلاف توہین عدالت کا شوکاز نوٹس واپس لیا جاتا ہے۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی اور ججز کی آئینی کمیٹی نے عدالتی حکم کو نظر انداز کیا، دونوں ججوں کی کمیٹیوں کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کے لیے معاملہ چیف جسٹس آف پاکستان کو بھیجا جا رہا ہے۔
بینچ نے اپنے فیصلے میں یہ بھی کہا کہ انتظامی کمیٹی کیس واپس نہیں لے سکتی، آئینی اور ججز کمیٹی نے عدالتی حکم کی خلاف ورزی کی، چیف جسٹس آف پاکستان اس معاملے پر فل کورٹ تشکیل دیں۔