اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )سپریم کورٹ نے کیمیکل ملا دودھ فروخت کرنے والے 3 ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔سپریم کورٹ کے جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیمیکل ملا دودھ فروخت کرنے والے 3 ملزمان کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔
کیمیکل ملا دودھ فروخت کرنے پر ملزمان محمد اقبال، محمد عارف اور محمد ابرار کے خلاف قصور کے تھانہ کھڈیاں میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کے سیفٹی آفیسر کی شکایت پر مقدمہ درج کیا گیا۔
فوڈ اتھارٹی نے چھاپے کے دوران ملزمان سے 1300 لیٹر کیمیکل ملا دودھ برآمد کر کے تلف کر دیا، ٹرائل کورٹ اور ہائی کورٹ سے ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں بھی مسترد کر دی گئیں۔
سپریم کورٹ نےبھی ملزمان کی درخواست ضمانت بھی مسترد کردی اور عدالت نے قرار دیا ہے کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والوں سے کوئی رعایت نہیں۔
عدالت نے پنجاب کے اسپیشل پراسیکیوٹر کو 2 ماہ میں ملزمان کا ٹرائل مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔